جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کے مضافات پانتھہ چوک میں تعینات سی آر پی ایف کے ایک اہلکار نے اپنے سروس رائفل سے خود کو گولی مار لی۔
سرینگر سیکٹر کے سی آر پی ایف کے ترجمان پنکج سنگھ نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ سوموار کی صبح 29 بٹالین میں تعینات کانسٹیبل جی ڈی بسوجیت دتہ نے اپنے سروس رائفل سے اپنی جان لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں
کرگل: ایل او سی کے قریب ایک فوجی جوان ہلاک
انہوں بتایا کہ مذکورہ سی آر پی ایف اہلکار مغربی بنگال کے ضلع ناڈیہ کے رہنے والے تھے۔
سی آر پی ایف ترجمان نے بتایا کہ سی آر پی ایف کے افسران جائے واردات پر پہنچ چکے ہیں اور معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔
وہیں ایک پولیس افسر نے بتایا کہ انہوں نے اس معاملے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سکیورٹی اداروں کی جانب سے یوگا اور آرٹ آف لیونگ کی سرگرمیاں متعارف کرانے کے باوجود بھی جموں وکشمیر میں تعینات سکیورٹی فورس اہلکاروں میں خودکشی کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آ رہی ہے۔
مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع شریپد نائیک نے گذشتہ برس دسمبر میں لوک سبھا میں فوجی جوانوں کی طرف سے خودکشیاں کرنے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھی میں سنہ 2010 سے 2019 کے دوران 1113 فوجی اہلکاروں نے خودکشی کی ہے۔