ضلع گاندربل کے ضلع ہسپتال میں زیر علاج کورونا وائرس مریضوں کو بہت ساری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس ضمن میں مریضوں کے اہل خانہ نے کہا کہ مریضوں کو ہسپتال میں نہ ہی کھانا میسر ہے بلکہ ان کے لئے ہمیں ادویات بھی باہر سے لانی پڑتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ضلع انتظامیہ کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کے لئے ہر ایک سہولیات بہم رکھنے کے لئے بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں لیکن زمینی سطح پر پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔
سابق رکن اسمبلی گاندربل شیخ اشفاق جبار نے ضلع انتظامیہ پر سوالیہ نشان کھڑا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے اس کی تحقیقات کرنی لازمی ہے۔ کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کے لئے سرکار نے سہولیات بہم رکھی ہے تاہم ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندربل میں ایسی کوئی سہولیات میسر نہیں ہیں جو کہ باعث تشویش ہے۔
انہوں نے اس ضمن میں گورنر انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طورپر کارروائی عمل میں لائے تاکہ کورونا وائرس میں مبتلا زیر علاج مریضوں کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔