جموں و کشمیر کے ضلع ادھمپور کے زخینی علاقے میں گاڑی جانچ کے دوران ٹریفک پولیس نے ایک فرضی نمبر کی کریٹا کار کو ضبط کیا ہے، کار پر لگی نمبر پلیٹ کی گاڑی لیہہ میں موجود ہے۔
اطلاعات کے مطابق ٹریفک ڈی ایس پی ہیمنت سنگھ کی قیادت میں آج ادھمپور کے زخینی علاقے میں گاڑی چیکنگ مہم چلائی جارہی تھی، اس دوران سامنے سے آرہی ایک کار پر آگے سے نمبر پلیٹ نہیں تھی جبکہ پیچھے JK10B-3403 کی نمبر پلیٹ لگی تھی جس سے ایک نمبر غائب تھا۔
پولیس نے شبہ کی بنیاد پر کار کے ڈرائیور سے کار کے کاغذات طلب کیے۔ کار ڈرائیور نے آر سی پولیس کو دکھایا جس میں نمبر JK10B-3403 RC لکھا تھا۔ اس کے بعد پولیس نے کار کی چیچس نمبر کی جانچ کی جہاں دونوں نمبر ایک جیسا ہی پایا گیا۔
اس کے بعد پولیس نے گاڑی پر لگی نمبر پلیٹ کی دوبارہ جانچ کی تو نمبر پلیٹ سے ایچ آر ایس نمبر غائب تھا۔جس سے یہ واضح ہوگیا کہ کار کا نمبر فرضی ہے۔
مزید پڑھیں:
پانچ اضلاع میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن کا انتخاب آج
پولیس نے JK10B-3403 گاڑی نمبر کی تحقیقات کی تو پتہ چلا کہ اس نمبر کی گاڑی لیہہ میں موجود ہے۔ پولیس نے گاڑی کے مالک سے رابطہ کیا اور واٹس ایپ کے ذریعے گاڑی کی تصاویر بھی طلب کیں۔ اس کے بعد پتہ چلا کہ کار کا نمبر جعلی ہے۔
پولیس نے تحقیقات کرنے کے بعد کار کو قبضے میں لے کر آگے کی کارروائی شروع کردی ہے۔