جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام میں آج صبح چاڈورہ کے بادی پورہ کیسر ملہ میں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم بندوق برداروں نے ڈیوٹی پر تعینات B/117 BN سی آر پی ایف اہلکار پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ بری طرح زخمی ہوگئے اور بعد ازاں ان کی موت ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق ہلاک شدہ اہلکار اے ایس آئی (اسسٹنٹ سب انسپکٹر) جی ڈی بڈولے کو نامعلوم بندوق برداروں نے گولیوں کا نشانہ بنایا جس کے بعد مذکورہ اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔
زخمی شدہ اہلکار کو فوری طور پر 92 بیس اسپتال لے جایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ مریض کو لانے میں تاخیر ہوگئی۔ ہسپتال لاتے ہوئے ان کی راستے میں ہی موت واقع ہوگئی۔
حملہ آور مذکورہ اہلکار کی سروس رائفل بھی لے کر فرار ہوگئے۔ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کیا اور تلاشی کاروائی شروع کر دی ہے۔