بنگال بی جے پی کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایک طرف پارٹی کے اندورنی جھگڑے چل رہے ہیں تو دوسری جانب کئی بڑے نام پارٹی چھوڑ رہے ہیں۔ چند روز قبل ہی بنگال بی جے پی میں ارجن سنگھ اور ریاستی صدر دلیپ گھوش کے درمیان اختلافات سامنے آئے تھے۔
بیرکپور سے بی جے پی ایم پی نے ریاستی قیادت پر اقربا پروری کا الزام لگایا تھا، جس کے نتیجے میں بنگال بی جے پی کے صدر دلیپ گھوش نے ریاستی صدر کے عہدے سے استعفی دینے کی بات کہی تھی۔
ابھی یہ مشکل ختم نہیں ہوئی کہ بی جے پی کو ایک اور زوردار جھٹکا لگا ہے۔
بپلب مترا اپنے بھائی پرشانت مترا کے ہمراہ ایک بار پھر ترنمول کانگریس میں واپس لوٹ آئے ہیں۔
پرشانت مترا گنگا رام پور میونسپل کے چئیرمین ہیں۔ چند ماہ قبل ہی وہ بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق آج ترنمول بھون پہنچ کر دونوں بھائی نے ایک بار پھر سے ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
دونوں رہنماؤں کا ایک بار پھر پارٹی کے جنرل سیکریٹری پارتھو چٹرجی نے پارٹی میں استقبال کیا۔
اس موقع پر ترنمول کانگریس کے جو دوسرے رہنما موجود تھے، ان میں سابق ایم پی و ترنمول کانگریس کوآرڈینیش کمیٹی کی رکن ارپیتا گھوش بھی شامل ہیں۔
سیاسی ماہرین کے مطابق 2021 اسمبلی انتخابات سے قبل بپلب مترا کا بی جے پی چھوڑنا بی جے پی کے لیے شدید جھٹکا ہے۔
اس کے علاوہ حال ہی میں ایسا ہی جھٹکا بی جے پی کو اس وقت لگا تھا جب فٹ بالر مہتاب حسین بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد ہی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ گرچہ انہوں نے ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار نہیں کی تھی۔