جموں پولیس نے اے ٹی ایم گارڈ کے قتل کے الزام میں شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔
جموں پولیس نے بتایا کہ انہوں نے شمالی کشمیر کے دو نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے جو بینک کے اے ٹی ایم گارڈ کے قتل میں مبینہ ملوث ہیں جسے گذشتہ رات جموں کے نانک نگر علاقے میں گارڈ چیمبر کے اندر مردہ حالت میں پایا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ہلاک شدہ گارڈ راجو شرما ولد گولو رام جموں کے نیو پلاٹ علاقے کا رہنے والا ہے ۔نانک نگر کے سیکٹر 13 میں واقع بینک گارڈ چیمبر کے اندر گذشتہ رات قریب دس بجے اس کی لاش ملی تھی۔
ایس ایس پی جموں شریدھر پاٹل نے آج سہ پہر ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ' یہ قتل دو نوجوانوں نے کیا جن کی شناخت محمد کائف لون اور وقاص بشیر لون کے طور پر کی گئی ہے دونوں بانڈی پورہ سے تعلق رکھتے ہیں۔'
ایس ایس پی پاٹل نے بتایا کہ دونوں نوجوان اے ٹی ایم لوٹنے کے مقصد سے وہاں گئے تھے۔ لیکن گارڈ کی جانب سے روکے جانے کے بعد انہوں نے ریسٹ روم کے اندر گارڈ پر حملہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ کیف اور وقاص نے حال ہی میں نانک نگر علاقے میں کرایہ پر ایک اپارٹمنٹ لیا تھا جہاں وہ پینگ گسٹ کے طور پر رہتے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ آج صبح متاثرہ کے لواحقین اور پڑوسیوں نے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں اس کے ‘قاتلوں’ کی گرفتاری اور ہلاک شدہ گارڈ کے اہل خانہ کو مالی امداد کا مطالبہ کیا گیا۔