جموں کشمیر کے شمالی قصبہ سوپور میں پندرہ سال قبل تعمیر کیا گیا زنانہ کالج آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے جبکہ کالج کی طرف جانے والی سڑک انتطامیہ کی بے حسی کی زندہ مثال ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کالج کی طالبات نے کہا کہ کالج وجود میں آنے سے لیکر آج تک کالج جانے والی سڑک خستہ حالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے طالبات کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معمولی بارش ہوتے ہی سڑک کسی تالاب کا منظر پیش کرتی ہے جس کے نتیجے میں کالج آنا جانا ناممکن بن جاتا ہے۔
طالبات کے مطابق سڑک کی بدحالی کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں نے بھی سروس کم کر دی ہے جس کی وجہ سے طالبات اکثر کالج جانے سے محروم ہوتی ہیں اور تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہوتی ہے۔
برہم طالبات نے ضلع انتظامیہ بارہمولہ سے اپیل کی ہے کہ کالج جانے والی سڑک کی مرمت کی جائے اور ٹرانسپورٹ سہولت فراہم کر کے طالبات کی پریشانیوں کا ازالہ کیا جائے۔