سینیئر فوجی اہلکار کے مطابق سونامرگ، بالتل اور نیلگر جیسے علاقوں میں جمعرات کے روز سے شدید برف باری ہوئی تھی جس کی وجہ سے متعدد مقامات پر ٹریفک جام رہا۔ زوجیلا پاس کے قریب تقریباً 250 سے 300 ٹرک اور مسافر گاڑیاں پھنس گئیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین، بچوں سمیت تقریبا 300 سے 350 افراد زوجیلا پاس پر پھنسے ہوئے تھے جہاں درجہ حرارت منفی 7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ کئی مسافر گاڑیاں اور مال برادار گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنس گئی تھیں۔
فوجی اہلکار نے کہا کہ سول انتظامیہ کے تعاون سے پولیس کی ٹیم شاہراہ پر برف ہٹانے میں مصروف ہوگئی ہیں اور فوجی اہلکاروں نے مسافروں کو طبی امداد فراہم کرنا شروع کر دی۔
انہوں نے کہا کہ فوج نے متاثرہ لوگوں کو طبی امداد، گرم کھانا اور کمبل بھی فراہم کیے۔
![زوجیلا پاس پر پھنسے ہوئے مسافروں کو بچا لیا گیا](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/stranded-passangers-being-given-hot-tea-and-food-1_2311newsroom_1574475959_972.jpg)
انہوں نے بتایا کہ پولیس اور جی آر ای ایف (جنرل ریزرو انجینیئر فورس) نے بالترتیب ٹریفک اور برف کو ہٹانے کا کام شروع کیا تھا۔جس کے بعد مسافروں کو فوجی گاڑیوں میں سونمرگ قصبے میں بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
بتا دیں کہ زوجیلا پاس سرینگر کرگل لیہہ قومی شاہراہ پر 11ہزار 578 فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔