ریاست جموں و کشمیر میں حکام نے یوم شہدا کے موقع پر علیٰحدگی پسندوں کی جانب سے بلائی گئی ہڑتال کے پس منظر میں امرناتھ یاترا کو ایک دن کے لیے روک دیا ہے۔
اطلاع کے مطابق سنیچر کو کسی بھی یاتری کو جموں سے کشمیر کی جانب سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ حکام نے کشمیر میں چلنے والی واحد ریل کی آمدورفت بھی بند کردی ہے۔
علیٰحدگی پسندوں نے سنہ 1931میں آج ہی کے روز شخصی حکومت کے سپاہیوں کے ہاتھوں مارے گئے 22 عام کشمیریوں کی برسی کے موقعے پر ہڑتال کی کال دی ہے، ہڑتال کے سبب معمولات زندگی بھی درہم برہم ہے۔
واضح رہے کہ اسی دن کو کشمیر میں یوم شہدا کے طور منایا جاتا ہے۔
جموں و کشمیر میں اس روز سرکاری تعطیل ہوتی ہے، اور وادی کشمیر میں ہڑتال اور تعطیل کی وجہ سے کاروبار زندگی تھم جاتا ہے۔
حکام نے کہا ہے کہ جموں کے یاتری نواس سے کسی بھی یاتری کو کشمیر کی جانب روانہ ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ صرف ان یاتریوں کو امرناتھ گپھا کی جانب سفر کرنے کی اجازت ہوگی، جو پہلے ہی پہلگام اور بال تل کے بیس کیمپز میں پہنچ چکے ہیں۔
امرناتھ یاترا ہر برس موسم گرما میں منعقد کی جاتی ہے جس میں لاکھوں زائرین برف سے قدرتی طور بنے ہوئے شیو لنگ کا درشن کرتے ہیں۔
یاترا کے ابتدائی بارہ دنوں میں کم و بیش ڈیڑھ لاکھ زائرین امرناتھ گپھا میں درشن کرچکے ہیں۔
اس برس یاترا یکم جولائی کو شروع ہوئی ہے اور اگست کے وسط میں شراون پورنیما کے موقعے تک اس کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ ماضی میں یہ یاترا محض دو ہفتوں پر محیط ہوتی تھی۔