جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے ایک آنگن واڑی سنٹر میں بچّوں میں ناقص اور غیر معیاری راشن تقسیم کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس کے خلاف مقامی لوگوں نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا ۔
چند روز قبل ای ٹی وی بھارت نے اس تعلق سے خبر نشر کی تھی۔ خبر میں تفصیل سے بتایا گیا تھا کہ آنگن واڑی سنٹر میں رکھا گیا راشن خراب ہو گیا تھا لیکن اُس کو مستحق بچّوں میں تقسیم نہیں کیا گیا۔
اس کی خبر جب اعلیٰ حکام تک پہنچی تو اسی خراب رکھے ہوئے راشن کی تقسیم کردی گئی جو دو ماہ قبل ہی استعمال کے قابل نہیں رہا تھا۔ پہلے آنگن واڑی ملازمین نے راشن تقسیم کرنے سے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا تھا کہ اِن کو تاحال راشن کی سپلائی نہیں ہوئی ہے ۔جبکہ وہاں ناقص راشن موجود تھا ۔تاہم پیر کے روز ناقص پڑے ہوئے راشن کو وہاں سرکاری اسکول کے ایک استاد کی طرف سے لوگوں میں تقسیم کرتے ہوئے پایا گیا جس کے خلاف مقامی لوگوں نے احتجاج کیا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ بچّوں کو جو راشن فراہم کیا جا رہا ہے وہ ناقص اور غیر معیاری ہے۔ یہ بھی بتایا کہ جب لاک ڈاؤن میں آنگن واڑی سنٹروں کو راشن تقسیم کرنے کے لئے کہا گیا تھا تو اُس وقت یہ راشن کیوں تقسیم نہیں کیا گیا۔اب جبکہ یہ ناقابل استعمال ہوچکا ہے اب تقسیم کرنے یا نہ کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہے۔
مقامی لوگوں نے کہا کہ اس معاملے کی تحقیات ہونی چاہیے اور متعلقہ ملازمین کی تنخواہ پر بھی روک لگائی جانی چاہیے۔