شملہ: ہماچل پردیش کے تعمیرات عامہ نوجوان خدمات اور کھیل کے وزیر وکرمادتیہ سنگھ نے کہا کہ ریاستی حکومت عام لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ آنے والے وقت میں روہڑو علاقہ کے عوام کی ضروریات کے مطابق منصوبے بنائے جائیں گے۔ عوامی جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے روہڑو کے علاقے میں سرکاری اسکیموں پر عمل کیا جائے گا۔اتوار کو سنگھ نے روہڑو میں 19 کروڑ روپے کی لاگت سے بنے پبر ندی پر بکھیرنا پل کا افتتاح کیا۔ اس دوران انہوں نے پل پر ایچ آر ٹی سی بس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس پل کے افتتاح سے روہڑو سے ملحقہ نصف درجن پنچایتوں کی ہزاروں آبادی مستفید ہوگی۔ یہ پنچایتیں اب روہڑو مین بازار سے براہ راست منسلک ہوں گی۔ پہلے ان پنچایتوں کے لوگوں کو سمولی کے راستے 10 سے 12 کلومیٹر کا اضافی فاصلہ طے کر کے روہڑو آنا پڑتا تھا۔ اس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا تھا لیکن اب اس پل کی تعمیر سے مقامی پنچایت کے ہزاروں کسان، باغبان اور عام لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پل کے افتتاح سے روہڑو خطہ کی فارسی، لوئر کوٹی، شیکھل، منچڑا، سمولی، بھاؤلاڈ اور ڈھڈی گھنسہ پنچایتوں کے لوگوں کو روہڑو آنے جانے میں آسانی ہوگی۔ اس موقع پر چیف پارلیمانی سکریٹری اور مقامی ایم ایل اے موہن لال برکتا کے ساتھ مقامی عوامی نمائندے، کانگریس قائدین، افسران اور ملازمین موجود تھے۔
یو این آئی