حکومت ہریانہ نے ریاست میں کووڈ -19 کے مریضوں کے لئے دوا، آکسیجن اوردیگر طبی سہولیات فراہم کرنے والے نئے اورپرانے تاجروں کے لئے ’ہریانہ کووڈ ایمرجنسی قرض اسکیم‘ شروع کرکے اس کے تحت 500 کروڑ روپے کے فنڈ کا بندوبست کیا گيا ہے۔
سرکاری ترجمان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت ریاستی حکومت موجودہ وقت میں کام کرنے والے تاجروں کوریاست میں طبی ضرورتوں کو پوراکرنے کے لئے اپنا پروڈکشن بڑھانے یا نئی یونٹ قائم کرنے میں مددکرے گی۔
یہ اسکیم نوٹیفکیشن کی تاریخ سے نافذہوگی اور پوری ریاست میں موثررہے گی۔ اس سے کووڈ وبا کے دوران آکسیجن، بیڈ، وینٹیلیٹر وغیرہ دستیاب کرانے والی پہلے سے کام کررہی یونٹس کو اپنا پروڈکشن بڑھانے میں مددملے گی۔
یہ اسکیم تاجروں کو چھ ماہ تک اضافی پروڈکشن خریدنے کی گارنٹی بھی مہیاکرے گی جس کے لئے ریٹ کنٹریکٹ مقررکئے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی بینک کے ذریعہ قرض پرلئے جانے والے سود کو حکومت کے ذریعہ ایک سال تک برداشت کیاجائے گا۔ اس کے ساتھ ہی نئی یونٹس قائم کرنے میں نیونوٹیفائیڈ تاجروں کو بھی اس اسکیم کا فائدہ ملے گا۔
اس کے تحت سرکاری اسپتالوں یانامزدمقامات پر ایسی یونٹس قائم کرنے پر بھی حکومت بینک کو قرض کی ضمانت فراہم کرے گی۔
(یو این آئی)