ہریانہ کے ضلع یمنا نگر کے گاندھی نگر میں ایک شوہر کے ذریعہ اپنی بیوی کو نذر آتش کر کے قتل کرنے کی کوشش کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ متاثرہ خاتون نے پولیس کو اس معاملے کی اطلاع دی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو دی شکایت میں بتایا ہے کہ اس کا شوہر کلونت شراب پیتا ہے اور اسے مارتا ہے۔ اس سے قبل بھی 20 جنوری 2018 کو اس کے شوہر نے اسے بری طرح سے پیٹا تھا، جس کی شکایت اس نے پولیس سے کی تھی۔ اس وقت رشتہ داروں نے ثالثی کر کے معاہدہ کرا دیا تھا۔
خاتون کا کہنا تھا کہ وہ اپنے شوہر سے گھر میں اپنی بیٹی کے ساتھ الگ رہتی ہے۔ اس نے اپنے شوہر کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ اس کا شوہر اسے مسلسل دھمکیاں دے رہا تھا کہ اگر اس نے کیس واپس نہیں لیا تب وہ اسے مار ڈالے گا۔
خاتون نے اپنی شکایت میں بتایا ہے کہ وہ رات اپنی بیٹی کے ساتھ کمرے میں سو رہی تھی تبھی اچانک اس کا شوہر گھر کے اندر داخل ہوا اور اس کے لحاف پر تیل ڈال دیا اور اسے آگ لگا دی۔ خاتون آگ سے بری طرح جھلس گئی۔ خاتون کا کہنا ہے کہ جب اسے ہوش آیا تو وہ اسپتال میں داخل تھی۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم شوہر کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے دفعہ 307 کے تحت مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔