احمد آباد: مجلس علمائے گجرات پروگرام کا آغاز قاری اشفاق کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ ڈاکٹر سلیم پٹی والا (صدر، جماعت اسلامی ہند گجرات) کے تعارفی لیکچر کے بعد مولانا عبدالرشید قاسمی (ریسرچ اسکالر، اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا) نے علماء کی سماجی مناسبت پر تقریر کی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی قیادت کے لیے علما کو اپنے اندر صلاحیت پیدا کرنی ہوگی۔ علماء کرام کو چاہیے کہ اختلافات کو بھلا کر دعوت الیٰ اللہ کا کام کریں۔ اس کے بعد مولانا اے رحمٰن فلاحی نے مدرسہ کے طلباء کے لیے مختلف شعبوں میں کیریئر کے مواقع پر پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے کہا کہ صحیح رہنمائی نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے ذہین طلباء کا کیریئر ختم ہو جاتا ہے۔ ان کے بعد جناب اظہر الدین (آئی ٹی ایکسپرٹ) نے سوشل میڈیا کے موثر استعمال پر ایک عمدہ پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر علمائے کرام جدید آلات استعمال کریں تو وہ آمدنی میں بھی اضافہ کر سکتے ہیں اور اصلاح کا کام بھی بخوبی سر انجام دے سکتے ہیں۔ اس کے بعد مولانا عمر عابدین (ڈپٹی ڈائریکٹر، المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد) نے موجودہ حالات میں علمائے کرام کی ذمہ داری پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام کو اپنا موثر کردار ادا کرنے کے لیے جدید علوم اور نظریات کا وسیع علم بھی حاصل کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:
Unity of The Scholars شیعہ علما کی کانفرنس، اتحاد بین العلماء کو مضبوط کرنے پر زور
اس کے بعد مفتی شفیع عالم ساحل (صدر مرکزی تنظیم اہلسنت والجماعت احمد آباد مشرقی) نے مسلم معاشرے کی ترقی میں مسجد کے کردار پر رہنمائی کرتے ہوئے کہا کہ مساجد نہ صرف عبادت گاہیں ہیں بلکہ انہیں معاشرے کی تعلیم و تربیت کا مرکز ہونا چاہیے۔ جہاں مختلف قسم کی سہولیات بھی فراہم کی جاسکتی ہیں۔ آخر میں کلیدی خطبہ دیتے ہوئے جناب ولی اللہ فلاحی (نائب صدر، جماعت اسلامی ہند، مرکز) نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند نے ہمیشہ مسلمانوں کو متحد کرنے کے لیے ایک مشترکہ مقصد کی طرف کام کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دعوتی مشن پر رہ کر باہمی تعاون سے کام کر سکتے ہیں۔ شکیل احمد راجپوت (کنوینر، مجلس علمائے گجرات) نے شکریہ ادا کیا۔ پورے پروگرام کی نظامت مولانا بشیر قاسمی نے نہایت خوبصورتی سے کی۔ پروگرام میں تقریباً 80 علمائے کرام نے شرکت کی۔