ملک میں کورونا وائرس کا قہر بہت تیزی سے تباہی مچا رہا ہے۔ ہر روز کورونا وائرس کے چونکانے والے نئے معاملے سامنے آ رہے ہیں۔ گجرات میں بھی کورونا وائرس کے نئے معاملے شدید طور سے بڑھتے جا رہے ہیں۔ ایسے میں ماہ رمضان کے مبارک مہینے کی آمد بھی ہو چکی ہے لیکن کورونا وائرس کے سبب مساجد میں جانے سے بھی لوگ پرہیز کر رہے ہیں۔ ماہ رمضان کے دوسرے جمعہ کے موقع پر احمدآباد کی شاہی جامع مسجد میں کورونا سے نجات پانے کے لیے دعائیں کی گئیں۔
اس تعلق سے احمد آباد کی شاہی جامع مسجد کے شاہی امام مفتی شبیر عالم صدیقی نے کہا کہ پورے ہندوستان اور خاص طور سے پورے گجرات میں کورونا وائرس کی وبا بہت تیزی سے پھیلتی جا رہی ہے جس کے سبب احمدآباد کی جامع مسجد میں جمعہ کی نماز کے بعد خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اللہ تبارک و تعالی اس بیماری کو ہمیشہ کیلئے ختم کر دے اور علاج و معالجے کے لیے دواؤں اور آکسیجن کی جو کمی ہے وہ دور ہو جائے۔ جو بیمار ہیں ان کے علاج کا مکمل اسباب پیدا کریں مجھے یقین ہے اللہ تعالی کوئی نہ کوئی اسباب ضرور پیدا فرمائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا سے حفاظت کے لیے جو بھی حکومت کی گائیڈ لائن ہے، اس پر عمل کرنے کی ہم ہمیشہ سے اپیل کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہر مساجد میں بھی اعلان کیا گیا ہے کہ سماجی دوری اور ماسک کا خیال رکھا جائے. اس طرح ہم نے شاہی جامع مسجد میں بھی کورونا سے حفاظت کے لیے خصوصی انتظامات کئے ہیں اور ہماری دعا ہے کہ کورونا وائرس سے جلد از جلد پوری دنیا کو نجات مل جائے۔