گجرات کے وزیر اعلی وجے روپانی نے کہا کہ 'ان کی حکومت ریاست میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی ہے۔ لاک ڈاؤن کے بارے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کی جارہی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے وزیر اعلی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس طرح کی 'بے بنیاد افواہوں' سے پرہیز کریں۔'
یکم جون سے ریاست میں پابندیوں میں رعایت دی گئی ہے جس کے بعد نان کنٹینمینٹ زون میں صنعتیں، دفاتر، دکانیں، بس اور آٹو رکشہ خدمات دوبارہ شروع ہوگئیں۔
وزیر اعلیٰ نے ایک بیان میں کہا کہ 'یکم جون سے اَن لاک ون کے بعد روز مرہ زندگی آہستہ آہستہ معمول کی شکل اختیار کر رہی ہے۔ ریاست میں کاروبار اور تجارت سے متعلقہ سرگرمیاں بھی بڑھ چکی ہیں۔ ایسے میں ریاستی حکومت کے پاس دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'کووڈ 19 کے خلاف جنگ جاری ہے، لوگ اس کے ساتھ جینا بھی سیکھ رہے ہیں۔ روپانی کا بیان سوشل میڈیا پر افواہوں کے بعد سامنے آیا ہے کہ ان کی حکومت ایک بار پھر پابندیاں عائد کر سکتی ہیں کیونکہ ریاست میں کووڈ 19 کے معاملات کم نہیں ہو رہے ہیں۔'
گزشتہ ایک ماہ سے ریاست میں ہر روز اوسطاً 400 نئے کورونا وائرس کے معاملات سامنے آ رہے ہیں۔
اتوار تک گجرات میں 23590 کووڈ 19 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 1478 اموات کورونا انفیکشن سے ہوئی ہیں۔