آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین گجرات کے صدر صابر کابلی والا کے مطابق رمضان سے قبل گجرات میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کی اکائی بنائی جائے گی۔
اس تعلق سے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین گجرات کے صدر صابر کابلی والا نے کہا کہ گجرات میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے بلدیاتی انتخابات میں قدم رکھا اور سب سے پہلے احمدآباد کی 7 میونسپل کارپوریشن کی سیٹ پر کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد گودھرا کی 7، موڑاسا 9 اور بھروچ میں 1 سیٹ پر کامیابی ملی۔ یعنی کل 24 سیٹوں پر گجرات میں ایم آئی ایم نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ تاہم گودھر بلدیہ سیٹ پر بھی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے اپنا قبضہ جما لیا۔
ایم آئی ایم کے اسی جذبہ اور کامیابی کی وجہ سے پورے گجرات کے لوگ ایم آئی ایم کی رکنیت حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گجرات کے شمال سے جنوب تک آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین اپنے شہر صدر، ضلع صدر کی اکائی بنانے والی ہے اور ان کے نام کا اعلان بھی کیا جائے گا اور رمضان کے بعد 1 ماہ کے دوران ایم آئی ایم پورے گجرات میں اپنی اکائی بنائے گی۔
گجرات میں 2022 میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ ایسے میں صابر کابلی والا کا کہنا ہے کہ 'یونٹ بنانے کے فوراً بعد سبھی اراکین کو 2022 کے انتخابات میں جوش و خروش کے ساتھ تیاریاں کرنے اور انتخابات لڑنے کے لیے پر عزم ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'دیڑھ سال کے دوران زیادہ سے زیادہ اسمبلی سیٹ پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین فتح حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔ خاص طور سے احمدآباد کی پانچ سیٹ، جمال پور، دریاپور، مکتم پورہ، گومتی پور اور دانی لمڈا اسمبلی سیٹ پر اس بار ایم آئی ایم کا قبضہ ہوگا۔ اس کے لیے ہم پوری طرح سے تیاریاں کر رہے ہیں۔'
یہ بھی پڑھیں: گجرات: گودھرا میونسپلٹی پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کا قبضہ