ریاست گجرات میں ماب لنچنگ کے معاملے دن بہ دن بڑھتے جا رہے ہیں خاص طور سے احمدآباد شہر میں کبھی مسلم نوجوان کا نام پوچھ کر اس کی پٹائی کی جاتی ہے تو کبھی دھاڑی و ٹوپی دیکھ کر مدرسوں کے بچوں کے ساتھ بربریت کی جاتی ہے۔ ماب لنچنگ کے معاملے کے خلاف جمعت علماء ہند گجرات نے حکومت سے سخت قدم اٹھانے کی اپیل کی ہے۔
اس تعلق سے جمعیت علماء ہند احمدآباد کے نائب صدر محمود قریشی نے کہا کہ 'گزشتہ کئی برسوں سے ماب لنچنگ ملک میں ہو رہے ہیں، لیکن گجرات میں پہلے ماب لنچنگ کے واقعات سامنے نہیں آرہے تھے تاہم اب یہاں بھی ماب لنچنگ کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'حال ہی میں جو ماب لنچنگ کے معاملے گجرات اور احمدآباد میں ہوئے جمعیت علمائے ہند اس معاملے پر حکومت سے سخت اقدام اٹھانے کی اپیل کی ہے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم نے کلیکٹر کو بھی اس سلسلے میں میمورنڈم دیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت ضرور اس پر ایکشن لے گی اور وزیر اعلیٰ گجرات بھی اس پر توجہ دیں گے۔'
وہیں اس معاملے پر جمعیت علمائے ہند گجرات کے سیکرٹری اسلم قریشی نے کہا کہ 'جمعت علماء ہند ماب لنچنگ کے معاملے کو لے کر کافی فکر مند ہے۔ جہاں بھی ضرورت پڑی ہے وہاں جمعیت ماب لنچنگ کے معاملوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔'
یہ بھی پڑھیں: پٹنہ: ماب لنچنگ پر قانون بنانے کا مطالبہ
انہوں نے کہا کہ 'پورے گجرات میں جس طریقے سے مسلمانوں پر ظلم و ستم کیا جا رہا ہے، لوگوں کو ڈرایا جا رہا ہے اس پر حکومت کو چاہیے کہ وہ ایسے معاملات پر توجہ دیں، ان معاملوں کو سنجیدگی سے دیکھیں۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم نے اس معاملے پر وزیر اعلیٰ گجرات، وزیر داخلہ گجرات، پولیس کمشنر احمدآباد کو مکتوب بھی بھیجا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ماب لنچنگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔'