کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کا اثر ننھے ننھے پھول جیسے بچوں کے دماغ پر بھی پڑ رہا ہے اور اب یہی چھوٹے بچے حالات کے پیش نظر اپنے بڑوں سے بھی اپیل کر رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کریں۔
دراصل احمد آباد شہر کورونا وائرس کا ایپک سینٹر بن گیا ہے کیونکہ یہاں کورونا وائرس سے اب تک 3817 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور اب احمدآباد کے 10 علاقوں کو ریڈ زون میں شامل کیا گیا ہے۔
شہر احمد آباد میں کورونا وائرس سے 208 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اسی وجہ سے ہر روز بڑی تعداد میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے سے حالات تشویشناک ہوتے جا رہے جس کا اثر بچوں کے ذہن پر بھی پڑ رہا ہے۔ وہ بھی اب کورونا سے بیدار اور آگاہ ہو گئے ہیں۔
حالانکہ کے بڑے اب تک نا سمجھی کا شکار ہیں اور وہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے نظر آ رہے ہیں، گھر سے باہر نکل رہے ہیں مجمع بنا کر بیٹھ رہے ہیں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائن پر عمل نہیں کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں احمدآباد میں کورونا کے سبب سب سے زیادہ مسلم علاقے اور مسلم برادری کے لوگ متاثر ہوتے جا رہے ہیں۔
ان تمام لاپرواہ لوگوں کو سمجھانے کی پہل احمدآباد کے پھول جیسے ننھے بچوں نے کی ہے اور وہ اپنے بڑوں سے اپیل کر رہے ہیں کہ مہربانی کرکے باہر نہ نکلیں، اپنی اور اپنے ملک کی حفاظت کریں، لاک ڈاؤن پر عمل کریں، گھر میں رہیں محفوظ رہیں۔
رمضان کے دوران بھی گھر میں رہ کر عبادت کریں، باہر بالکل نہ نکلیں تبھی ہم کورونا کو شکست دے سکیں گے۔