گیا: ضلع گیا میں بڑھی ہوئی شدید گرمی اور لُو کے پیش نظر ہیٹ اسٹروک کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ایسے میں یہاں ہوائی اڈہ سے دن میں عازمین حج کی پرواز کے لیے ضلع انتظامیہ کی جانب سے تمام احتیاط برتے جا رہے ہیں۔ 18 اور 19 جون کو شام اور سہ پہر میں عازمین حج کی پرواز ہے۔ اس وجہ سے عازمین حج کا قافلہ پٹنہ حج بھون سے دن کے نو بجے کے بعد گیا ہوائی اڈے پر پہنچ جائے گا۔ ایسے میں دن بھر عازمین حج گیا ہوائی اڈہ پر بنے عارضی پنڈال میں رہیں گے جس سے وہ بھی ہیٹ اسٹروک کی زد میں آسکتے ہیں۔ یہاں کھلے میدان میں لگے ٹینٹ اور انتظامات کو دیکھنے کو لے کر ڈی ایم تیاگ راجن نے ایئر پورٹ پر پہنچ کر جائزہ لیا اور ساتھ ہی پورے انتظامات کے تعلق سے تفصیلی جانکاری حاصل کی کہ دن میں عازمین حج کے لیے کیا انتظامات ہوں گے؟ انہوں نے پنڈال میں پنکھا کولر بڑھائے جانے کے ساتھ ساتھ ٹھنڈا پانی اور شربت، او آر ایس کے گھول کے ساتھ دیگر ٹھندی چیزوں کو رکھنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے ساتھ ہی سول سرجن کو ہدایت دی کہ وہ آئس باکس کے علاوہ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے سامان اور دوائی وغیرہ کا انتظام رکھیں، ہیلتھ کیمپ میں موجود ڈاکٹر وقت پر موجود رہیں، حج مسافروں میں زیادہ تر افراد بوڑھے ہوتے ہیں، اس وجہ سے ہیٹ اسٹروک کا ان پر خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ان کو اس سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، تمام لوگ جو یہاں ہوائی اڈے پر عازمین حج کی خدمت میں لگے ہیں وہ اپنی سطح سے کوشش کریں کہ عازمین حج کم سے کم کھلے میں نکلیں۔ اُنہوں نے ٹینٹ ہاؤس کے مالک کو کہا کہ وہ پنڈال کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے کوشش کریں اور زیادہ سے زیادہ کولر لگائیں تاکہ پنڈال کی حالت گرم نہیں ہو اور اس کا درجۂ حرارت ٹھنڈا رہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک کیمپ ایسا رکھیں جہاں اے سی کولر اور وہ پوری طرح سے ٹھنڈا ہو تاکہ ضرورت پڑنے پر وہاں پر مریضوں کو روک کر علاج کیا جاسکے۔ انہوں نے نوڈل افسر جتیندر کمار کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ٹھنڈا پانی رکھنے والے ٹینکر بھی یہاں دستیاب ہوں تاکہ منھ ہاتھ دھونے اور وضو کرنے کے لیے عازمین حج ٹنکی کا گرم پانی استعمال نہ کریں، رضاکار عازمین حج کی صحت پر نظر رکھیں اگر کسی کو تکلیف میں دیکھیں تو فوری طور پر میڈیکل کیمپ کے اہلکاروں کو اس کی اطلاع دیں، انہوں نے افسران سے کہا کہ پانی کی کمی کسی بھی حالت میں نہ ہو، اس حوالہ سے ڈی ایم تیاگ راجن نے کہا کہ وہ جائزہ لے کر ضروری کام کرنے کی ہدایات دے چکے ہیں۔ ہیٹ اسٹروک کے خطرہ کو ہلکے میں ہرگز نہ لیں، اس موقع پر اُنہوں نے ہیلتھ کیمپ میں بھی پہنچ کر جائزہ لیا۔
اس موقع پر سول سرجن، نوڈل افسر، ڈی ایس پی لاء اینڈ آرڈر کے علاوہ کئی محکموں کے افسران موجود تھے۔ واضح ہو کہ ضلع گیا ہیٹ اسٹروک کے خطرہ کے پیش نظر ریڈ الرٹ پر ہے۔ یہاں درجۂ حرارت 44 ڈگری تک جا پہنچا ہے۔ اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ ہر دن عازمین حج کی بھی طبیعت خراب ہو رہی ہے۔ اب جب کہ دن میں عازمین حج پہنچیں گے تو مزید گرمی کا انہیں سامنا کرنا پڑے گا۔ سات جون سے عازمین حج کی پرواز صبح سات بجے اور آٹھ بجے کے درمیان میں ہورہی تھی جس کی وجہ سے عازمین حج دیر رات ڈھائی بجے گیا ہوائی اڈہ پر پہنچ رہے تھے اس وجہ سے انہیں دھوپ لہر کا یہاں سامنا نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیں: