گجرات کے لوگ طویل عرصے سے ایک نیا متبادل تلاش کر رہے تھے ایسے میں اس بار گجرات کے عوام کو بلدیاتی انتخابات میں ایک نہیں بلکہ دو نئے سیاسی متبادل ملنے والے ہیں جس میں بی جے پی، کانگریس کے علاوہ عام آدمی پارٹی اور کل ہند مجلس اتحاد المسلین (اے آئی ایم آئی ایم) پہلی صف میں ہیں۔
چونکہ عام آدمی پارٹی دہلی میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد گجرات کی سیاست میں میں داخل ہوگئی ہے۔ اب ایسے گجرات بلدیاتی انتخابات کے لیے پارٹی نے 504 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی ہے جس میں اکتیس فی صد خواتین امیدوار شامل ہیں۔
فہرست میں احمد آباد میونسپل کارپوریشن کے چند وارڈوں کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی کیا گیا ہے جس میں گومتی پور، سرخیز ، دانی لمڑا، جمال پور ،تھلتیج، رانپ، نارن پورا، نکول، پالڈی، سمیت 13 وارڈوں کے امیدواروں کے نام کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس تعلق سے عام آدمی پارٹی گجرات کے ترجمان آتیشی نے کانگریس اور بی جے پی پر شدید حملہ بولتے ہوئے کہا کہ گجرات میں دو اہم سیاسی پارٹیوں کے بعد اب عام آدمی پارٹی کی شکل میں لوگوں کو تیسرا متبادل ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اور کانگریس انتخابات کی آخری وقت پر اپنے امیدواروں کے نام کا اعلان کرتے ہیں کیونکہ وہ اپنے امیدواروں سے پیسوں کا سودا کرتے ہیں لیکن عام آدمی پارٹی نے بلدیاتی انتخابات سے بہت پہلے ہی اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے تاکہ عوام کو امیدواروں کو پہچاننے کا موقع مل سکے۔