گجرات حکومت اور احمدآباد پولیس کمشنر سنجے شریواستو کی جانب سے 8 اگست کو نوٹیفیکیشن میں محرم کے تعلق سے گائیڈ لائنز کو جاری کیا گیا۔
گجرات ہائی کورٹ کے وکیل صوفی انور حسین شیخ نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے محرم اور تعزیہ داری کے دوران سماجی فاصلہ کو برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔
صوفی انور حسین شیخ نے کہا کہ حکومت نے محرم کے جلوس اور تعزیہ پر پابندی عائد کردی ہے تاہم عاشورخانوں اور امام باڑوں میں تعزیہ رکھنے کی اجازت رہے گی لیکن کسی بھی طرح کے جلوس پر پابندی عائد رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ یوم عاشورہ کا جلوس پر بھی پابندی رہے گی جبکہ لوگ امام باڑوں میں ہی تعزیہ دیکھنے جاسکتے ہیں اور مجالس میں شریک ہوسکتے ہیں لیکن اس دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھنا لازمی ہوگا۔
صوفی انور حسین شیخ نے کہا کہ عزاداری، ماتم یا مجلس پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے عزاداری، ماتم اور مجلس کا اہتمام کیا جا سکتا ہے۔ گھروں میں مجالس کے انعقاد کی بھی اجازت ہوگی۔ گھروں میں دو فٹ کے تعزیہ بناکر رکھا جاسکتا ہے لیکن عوامی مقامات پر تعزیہ رکھنے پر پابندی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ 9 اور 10 محرم کو روزہ رکھنے اور دیگر عبادات پر بھی کسی طرح کی پابندی نہیں ہوگی۔ انہوں نے تمام لوگوں سے حکومت کے گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کی اپیل کی۔