ملک بھر میں کورونا وائرس کے بڑھتے قہر کی وجہ سے کئی ریاستوں کے بعد اب گجرات کی ریاستی حکومت نے بھی احتیاطی طور پر تمام تعلیمی اداروں کو وقتی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مہاراشٹرا اور کیرالہ کے بعد اب گجرات میں بھی تعلیمی اداروں کو 29 مارچ تک بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ لوگوں کے تھوکنے پر بھی سختی برتنے کا حکم دیا ہے
گجرات کے وزیر اعلی وجے روپانی اور نائب وزیر اعلی نتن پٹیل کی موجودگی میں محکمہ صحت نے کورونا وائرس کے پیش نظر ایک میٹنگ کی۔ گجرات کے دارالحکومت گاندھی نگر میں منعقدہ اس میٹنگ میں کورونا وائرس سے بچنے کے لیے کئی اہم فیصلے کئے۔
اس سلسلے میں گجرات کے چیف سیکریٹری انل مکیم نے کہا کہ پیر سے 29 مارچ تک ریاست کے تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ 16 مارچ سے 29 مارچ تک ریاست کے تمام اسکولز، کالجز، ٹیوشن کلاسز، آنگن واڑی سمیت تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے اور اس دوران تمام تعلیمی سرگرمیاں منقطع رہیں گی تاہم اساتذہ کو اسکولوں میں حاضر رہنا ہوگا نیز احتیاط کے طور پر گجرات میں ملٹی پلیکس اور سوئمنگ پولز کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے گجرات میں تاحال کورونا وائرس کے شکار کوئی بھی مریض اب تک سامنے نہیں آئے ہیں لیکن ریاستی حکومت نے قبل از وقت کورونا وائرس کے دفاع کے لیے تمام تر تیاریاں کر لی ہیں۔
![گجرات: کورونا وائرس کے دفاع میں ہنگامی اقدامات](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/6422178_anil.jpg)
ریاستی حکومت اس ضمن میں عوامی مقامات پر تھوکنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ کوئی بھی شخص عوامی مقامات پر تھوکتا ہوا پایا گیا تو اس سے 500 روپے جرمانہ وصول کیا جائےگا۔