گاندھی نگر: وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پیر کو گجرات کے گاندھی نگر میں آئندہ راجیہ سبھا انتخابات کے لیے اپنا کاغذات نامزدگی داخل کیا۔ راجیہ سبھا انتخابات کے لیے نامزدگی داخل کرنے کے بعد وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا کہ سب سے پہلے میں پی ایم مودی، بی جے پی قیادت اور گجرات کے لوگوں اور ایم ایل اے کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا، چار سال پہلے مجھے یہ اعزاز ملا تھا۔ راجیہ سبھا میں گجرات کی نمائندگی کرنے کے لیے مجھے گزشتہ 4 سالوں میں پی ایم مودی کی قیادت میں ملک میں ہونے والی تبدیلیوں کا حصہ بننے کا موقع ملا، مجھے امید ہے کہ آنے والے 4 سال میں اس ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکوں گا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے اس سے قبل گوا، گجرات اور مغربی بنگال کی 10 راجیہ سبھا سیٹوں پر 24 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔ ان ریاستوں کے دس ارکان جولائی اور اگست میں ریٹائر ہونے والے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ 13 جولائی خالی راجیہ سبھا سیٹوں کے لیے نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے۔ ووٹوں کی گنتی 24 جولائی کو ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:
- بڑے مسائل سے نمٹنے کے لیے متحد ہو کر سوچنے کی ضرورت، ایس جے شنکر
- راہل گاندھی کو ملک پر تنقید کرنے کی عادت ہے، ایس جے شنکر
اس سے قبل ایک سرکاری بیان میں کہا گیا تھا کہ گجرات سے راجیہ سبھا کی تین نشستوں پر انتخابات ہوں گے کیونکہ دنیش چندر جیمل بھائی اناودیا، لوکھنڈ والا جگل سنگھ ماتھرجی، سبرامنیم جے شنکر کرشن سوامی 18 اگست کو ریٹائر ہو جائیں گے۔جے شنکر 2019 میں گجرات سے راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے، جب انہیں مرکزی کابینہ میں شامل کیا گیا تھا۔