نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے گجرات بی جے پی دفتر میں ارکان اسمبلی اور مرکزی وزراء کی میٹنگ ہوئی جس میں بھوپیندر پٹیل کو وزیراعلیٰ منتخب کیا گیا۔
سابق وزیراعلیٰ وجے روپانی نے بھوپیندر پٹیل کا نام تجویز کیا تھا۔
بھوپیندر پٹیل اوڈا کے سابق چیئرمین، تھلتیج وارڈ کے سابق کاونسلر، اور آنندی بین پٹیل کے قریبی بتائے جاتے ہیں۔ وہ احمدآباد میونسپل کارپوریشن کے اسٹینڈنگ کمیٹی چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔
بھوپیندر پٹیل کا پورا نام بھوپیندر رجنی کانت پٹیل ہے۔ آئندہ 48 گھنٹوں میں بھوپیندر پٹیل وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لے سکتے ہیں جبکہ کابینہ میں بھی کچھ تبدیلیاں آنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وجے روپانی نے وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد آج بھوپیندر پٹیل کو ریاست کی باگ ڈور سونپی گئی۔
اس تعلق سے وجے روپانی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ 'پارٹی میں ذمہ داریاں وقت کے ساتھ بدلتی رہتی ہیں اور یہ ہر پارٹی میں فطری عمل ہے۔ مجھے پانچ سال تک وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری ملی یہ بڑی بات ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گجرات کے وزیراعلیٰ وجے روپانی نے استعفیٰ دیا
وجے روپانی نے مزید کہا تھا کہ 'پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا کی رہنمائی میرے لیے غیر معمولی رہی اب مجھے جو بھی ذمہ داری ملے گی میں اسے پورا کروں گا مجھےجو ذمہ داریاں دی گئی تھیں اسے پورا کیا اور اب ریاستی انتخابات نریندر مودی کی قیادت میں لڑیں گے۔
واضح رہے کہ وجے روپانی نے 26 دسمبر 2017 کو دوسری بار گجرات کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لیا تھا۔ بی جے پی نے گجرات میں 182 میں سے 99 نشستیں جیت کر اکثریت حاصل کی تھی۔