احمدآباد میں موجود مختلف تاریخی عمارتوں کی وجہ سے احمدآباد شہر کو ورلڈ ہیریٹیج سٹی کا درجہ حاصل ہے۔ ان میں سے ایک احمدآباد کا تاریخی سرخیز روضہ ہے، جس کا دورہ وزیر اعظم نریندر مودی سے لے کر بگ بی امیتابھ بچن تک نے کیا ہے۔
اسی سرخیز روضہ سے متصل سرخیز روضہ تالاب آج آلودگی سے بھر گیا ہے جس سے تالاب میں لگے تاریخی پتھر کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
دراصل احمدآباد کے سرخیز علاقے میں حضرت گنج بخش کھٹو رحمۃ اللہ علیہ کا روضہ مبارک موجود ہے، اسی سے متصل ایک خوبصورت تالاب بھی ہے۔ جسے سرخیز روزہ تالاب کہا جاتا ہے۔
اس تاریخی روضہ اور تالاب کو دیکھنے کے لیے ملک اور بیرون ممالک سے سیاح آتے ہیں۔ حتی کہ بالی ووڈ کے بگ بی امیتابھ بچن نے یہاں ایک فلم کی شوٹنگ بھی کی تھی۔
امیتابھ بچن کے علاوہ سابق صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام، وزیر اعظم نریندر مودی اور ہزاروں معززین شخصیات نے سرخیز روضہ کا دورہ کیا ہے، لیکن آج اس سرخیز روضہ تالاب کی حالت بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔
اس تعلق سے سرخیز علاقے کی کاؤنسلر نفیسہ انصاری کا کہنا ہے کہ سرخیز تالاب میں اتنی زیادہ گندگی بڑھ گئی ہے کہ یہاں رہنا مشکل ہو گیا ہے۔ اس تالاب میں سنگھوڑا تالاب کا گندا پانی مل جاتا ہے، اس سے سرخیز تالاب کا صاف پانی گندا ہوجاتا ہے۔ جس کی وجہ سے اس تالاب میں لگے ہوئے قدیم زمانے کے تاریخی پتھر خراب ہو رہے ہیں۔ جس سے سرخیز روزہ کے بنیادی پتھر کے ٹوٹنے کا خطرہ ہے۔
اس تعلق سے مکتم پورا کے کاؤنسلر مرزا حاجی اسرار بیگ مرزا نے کہا کہ سرخیز روزہ تالاب گجرات کی آن بان شان ہے۔ یہاں امیتابھ بچن جی نے خوشبو گجرات کی شوٹنگ کر ہر سیاح کو گجرات کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی، لیکن اب یہ تالاب اس قدر گندگی کا انبار ہے کہ سیاح خوشبو نہیں بلکہ بدبو گجرات کی سونگھ کر جاتے ہیں۔ گندے پانی اور ایسڈ کے پانی سے تاریخی عمارت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ حکومت سے اس سلسلے میں بارہا درخواست کرنے کے باوجود اب تک یہاں کی گندگی نہیں نکلی ہے۔
یہاں کے لوگوں کا مطالبہ ہے کہ سرخیز روضہ تالاب کو آلودگی سے نجات دلائی جائے اور اس تالاب کو دوبارہ خوبصورت بنایا جائے۔