گاندربل ضلع میں متعدد علاقوں میں پانی کی قلت ہونے کے نتیجے میں سخت مشکلات درپیش ہیں۔پانی کی قلت کے باعث درجنوں خواتین نے شالہ بگ سے 8 کلومیٹر کی مسافت طے کرکے ترقیاتی کمشنر دفتر کے قریب واقع مرکزی عید گاہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین میں شامل رفیقہ نامی ایک خاتون نے بتایا کہ پچھلے چند ماہ سے خان محلہ پتی شالہ بگ میں پینے کے صاف پانی کی سخت قلت ہے، اگرچہ ہمارے گھروں میں پائپ لائن بچھائی گئی ہے تاہم پانی سپلائی نہیں کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا ہمیں مجبوراً ندی نالوں سے گندہ پانی لانا پڑتاہے جس کی وجہ سے بیمار ہونے کے خطرات زیادہ رہتے ہیں‘‘۔مظاہرین نے کہا کہ ہم نے کئی بار جل شکتی محکمہ کے اعلیٰ حکام کو اس جانب توجہ مبذول کرائی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی جس کے نتیجے میں ہم احتجاجی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوگئے۔
مزید پڑھیں:Body of Minor Recovered غرقاب بچے کی لاش تین روز بعد بازیاب
مزید پڑھیں:کشتواڑ کے ہڈار گاؤں میں پانی کی قلت سے لوگ پریشان
اس موقع پر ایس ایچ او گاندربل منظور احمد نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملہ کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں لائیں گے جس کے بعد مظاہرین واپس چلے گئے۔ واضح رہے کہ وادی کشمیر میں اکثر و بیشتر دیہی علاقوں میں پانی کی قلت سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پانی کی قلت کے خلاف کئی مرتبہ مقامی عوام کی جانب سے احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے ہیں۔ کئی دیہی علاقوں میں اس مسئلہ کو حل کیا گیا تو کئی علاقوں میں یہ مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے۔