وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے ددریم باغ علاقے میں چند روز قبل ریچھوں کے جھنڈ دیکھے جانے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے، وہیں ایک ریچھ ددریم باغ میں ایک مکان کے صحن میں داخل ہو گیا اور ایک معمر شہری سمیت اسکے 9 سالہ پوتے کو زخمی کر دیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق ددریم باغ میں تین روز سے ریچھوں کا ایک جھنڈ انسانی بستی کے کافی قریب گھوم رہا ہے۔ انکے مطابق ان میں سے ایک ریچھ خوراک کی تلاش میں بستی میں گھس گیا جہاں اس نے 9 سالہ فرہان احمد خان ولد جاوید احمد اور اس کے دادا فاروق احمد خان ولد اکبر خان پر حملہ کرکے دونوں کو شدید زخمی کردیا۔
مزید پڑھیں: گاندربل پولیس نے تین لاپتہ لڑکیوں کو بازیاب کیا
انہوں نے کہا کہ زخمی افراد کو نازک حالت میں سکمز صورہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے بتایا کہ وہ ریچھ کو بستی سے باہر نکالنے میں کامیاب ہو گئے۔ وہیں محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیم کافی کوششوں کے بعد ریچھ کو دبوچنے میں کامیاب ہو گئی۔