گاندربل: مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے ضلع گاندر بل کے مضافاتی علاقہ صفاپورہ کوہستان کالونی میں ایک 55 سالہ نیپالی مزدور کا انتقال ہوگیا۔ اس معاملہ پر پولیس کا کہنا ہے کہ چھابی لال وہوا کرما ولد نار سنگھ وہوا کرما ساکن ججر کوٹ پردیش کرنالی نیپال، مامر کنگن میں نالہ سندھ پر ہاتھ دھورہے تھے کہ اس دوران ان کا پیر پھسل گیا، جس کے بعد سندھ نالہ میں ڈوبنے سے ان کی موت ہوگئی۔ نیپالی مزدور کے ڈوبنے کے بعد ان کے ساتھیوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ ایس ڈی پی او کنگن مظفر جان نے بتایا کہ نیپالی مزدور کی لاش یچھ ہامہ کنگن کے قریب نالہ سندھ سے برآمد کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیپالی مزدور کے ڈوبنے کے بعد اس کے ساتھیوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
مزید پڑھیں: Labourer Drowns To Death: دریائے جہلم میں ڈوبنے سے مزدور کی موت
مذکورہ علاقہ میں نیپالی مزدور کی موت کے علاوہ ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے 55 سالہ گلزار احمد میر ولد غلام محمد ساکن کوندہ بل صفاپورہ، اپنے گھر سے سحری کھا کر نکلے تھے تاکہ کان میں جاکر پتھر نکال کر فروخت کرسکیں۔ پتھر کو کان سے نکالنے کے دوران وہ گرگئے اور موقعے پر ہی ان کی موت ہوگئی۔ مقامی لوگوں نے پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس جائے وقوع پر پہنچ کر لاش کو ضلع ہسپتال گاندربل منتقل کیا جہاں لاش کا پوسٹ مارٹم کرکے لاش لواحقین کے سپرد کردی گئی۔ پولیس نے معاملہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔