وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں لاک ڈاؤن اور بندشوں میں نرمی کے بعد بازاروں میں چہل پہل دیکھنے کو مل رہی ہے۔ تجارتی سرگرمیاں بحال ہونے اور سڑکوں پر پبلک و نجی گاڑیوں کی نقل و حمل سے عام زندگی واپس پٹری پر لوٹ رہی ہے، وہیں غلط جگہوں پر گاڑیاں پارک کرنے سے نہ صرف ٹریفک جام لگ جاتا ہے بلکہ راہ گیروں کو بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ضلع اسپتال گاندربل جانے والے راستے پر غلط طریقے سے گاڑیاں پارک کرنے کے سبب ہسپتال جانے والے مریضوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں ایمبولینس کی نقل و حمل میں بھی دشواریاں پیش آتی ہیں۔
میونسپل کونسل گاندربل نے ممنوعہ مقامات خصوصاً اسپتال روڑ پر پارک گاڑیوں کو ضبط کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: گاندربل: محکمہ پشوپالن کے عارضی ملازمین کا احتجاج
میونسپل کونسل گاندربل کے ایگزیکٹیو آفیسر نے معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ میونسپلٹی کی جانب سے یومیہ ایک درجن سے زائد گاڑیوں کو غلط جگہ پارکنگ کرنے کی پاداش میں میونسپل دفتر پہنچایا جاتا ہے۔ جہاں ڈرائیوروں پر جرمانہ عائد کرنے کے بعد ہی انہیں گاڑیاں واپس دی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غلط جگہوں پر گاڑیاں پارک کرنے کے سبب ٹریفک جام لگا رہتا ہے جس کے لیے انہوں نے عملہ کو تعینات کیا ہے جو ممنوعہ مقامات پر گاڑیوں کو پارک کرنے سے روکتے ہیں۔ تاہم، ان کے مطابق، اس *کے باوجود لوگ ممنوعہ مقامات پر گاڑیاں پارک کرتے ہیں جس سے ٹریفک کی نقل و حمل میں رکاوٹیں حائل ہوجاتی ہیں۔