گاندربل: جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) سربراہ محبوبہ مفتی نے وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے شالہ بگ میں منعقدہ پی ڈی پی ورکرز کنونشن کے دوران خطاب کرتے ہوئے مرکزی سرکار کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ محبوبہ مفتی نے اسمبلی الیکشن منعقد نہ کرنے پر ایک بار پھر بی جے پی کو راست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’الیکشن کمیشن بی جے پی کے اشارہ پر کام کر رہا ہے، چونکہ بی جے پی الیکشن کے لیے تیار نہیں، اسی وجہ سے یہاں الیکشن منعقد نہیں ہو رہے۔‘‘
کنونشن کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا: ’’مسئلہ کشمیر کے لیے یہاں کے لاکھوں لوگ شہید ہوئے، مسئلہ کشمیر کا دائمی حل صرف بات چیت میں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔‘‘ محبوبہ مفتی نے مرکزی سرکار کی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا: ’’جمہوری نظام کے لیے انتخابات یقیناً اہم ہیں، لیکن جب تک بی جے پی نئے قوانین کے نفاذ کے ذریعے اپنے ایجنڈے کو مکمل طور پر نافذ نہیں کرے گی، تب تک وہ (بی جے پی) جموں و کشمیر میں انتخابات منعقد نہیں کرے گی۔‘‘
مزید پڑھیں: Mehbooba Mufti On Kashmir Issues انتظامیہ کی جانب سے مقامی لوگوں کو ہراساں کیا جا رہا، محبوبہ مفتی
پی ڈی پی ورکرز کنونشن میں پارٹی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ کے علاوہ پارٹی کے جنرل سیکرٹری محبوب بیگ، یوتھ لیڈر وحید پرہ، اسٹیٹ سیکریٹری بشیر میر اور گاندربل حلقہ انچارج کے علاوہ ضلع گاندربل کے دیگر سینئر پارٹی عہدیداروں، کارکنان اور پارٹی محبین نے شرکت کی۔