جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل کے سفاپورہ میں مانسبل جھیل انتظامیہ کی غفلت اور لوگوں کے گھروں سے نکلنے والی گندگی سے اپنا وجود کھوتی جارہی ہے۔
اس جھیل کو ارد گرد سے تین گاوں نے گھیرا رکھا ہے اور لوگوں کا کہنا ہے کہ گاؤں سے نکلنے والی گندی نالیوں کے باعث مانسبل جھیل غلاظتوں سے بھرتی جا رہی ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مانسبل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بھی اسے نظرانداز کر رکھا ہے جس سے یہ مشہور سیاحتی مقام اپنی اہمیت کھو بیٹھے گا۔
ایک مقامی باشندے نے بتایا 'مانسبل بہترین سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے، تاہم چند خود غرض لوگ اسے تباہ کرنے کے درپے ہیں'۔
انہوں نے کہا 'کئی گھروں سے نکلنے والی گندگی اور غلاظت سیدھی مانسبل جھیل میں بہہ کر آتی ہے جس سے مانسبل کا پانی گندہ اور بدبودار ہوتا جا رہا ہے'۔
لوگوں نے الزام عائد کیا 'سیاحت کے لیے انتظامیہ صرف جھیل کے اگلے حصے کو صاف کرتی ہے، بقیہ حصہ ویسے ہی گندا رہتا ہے'۔
انہوں نے کہا ”مانسبل جھیل کے بیچوں بیچ جانے کے بعد ڈوبتے ہوئے سورج کو دیکھنا بڑا خوشنما ہوتا اور ایسا لگتا ہے کہ سورج جھیل میں غروب ہورہا ہے۔”
لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مانسبل جھیل کو بچانے کے لیے جلد از جلد اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ جھیل صرف کتابوں کی زینت بن کر نہ رہ جائے۔