جموں وکشمیر میں جہاں ہر گزرتے دن کے ساتھ کرناوائرس سے متاثرین اور مہلوکین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے وہیں اب انتظامیہ کی جانب سے قائم کردہ قرنطینہ مراکز و کووڈ19اسپتال میں رکھے جا رہے افراد کی تعداد میں بھی آئے روز اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ جس کے نتیجے میں اب وادی کے مختلف اضلاع میں قائم کردہ قرنطینہ مراکز سے بنیادی سہولیات کے فقدان کے حوالے سے شکایات موصول ہوتی رہتی ہیں۔ جبکہ متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے تعلق سے کئی ویڈیوز بھی منظر عام پر آ رہے ہیں۔
اسی طرح کی شکایت گاندبل ضلع کے کووڈ19 ہسپتال میں رکھے گئے افراد کی جانب سے موصول ہو رہی ہیں۔ صفائی ستھرائی کی کمی اور دئیے جانے والے کھانے پینے کی سہولیات کے بارے میں گاندربل کے اس قرنطینہ ہسپتال میں رکھے گئے افراد انتظامیہ سے سخت نالاں ہیں۔
وہیں انہوں نے ضلع انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہاں ان کا کوئی بھی پر سان حال نہیں ہے۔
اس قرنطینہ مرکز میں رہ رہے لوگوں نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کھانے پینے کا انتظام بھی غیر معیاری ہے۔ جبکہ صفائی ستھرائی کے حوالے سے یہاں کافی فقدان پایا جا رہا ہے۔ اس پر ستم ظریفی یہ کہ اگر صفائی یا کھانے پینے کے تعلق سے کسی ڈاکٹر یا متعلقہ عہدیدار سے مشکلات کا ازالہ کرنے کے لیے کہا جاتا ہے تو وہ ضلع انتظامیہ کے ذریعے حل کروانے کے بات کہہ کر ان سنی کرتے ہے۔
اس کووڈ ہسپتال میں رکھے گئے مریضوں نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کو اپنی روداد سناتے ہوئے کہا کہ انہیں یہاں غیر معیاری کھانا دیا جا رہا ہے۔ جبکہ غسل خانوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ یہاں وارڈوں میں بھی کسی قسم کی صفائی ستھرائی عمل میں نہیں لائی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جہاں ماہرین کی جانب صاف ستھرا رہنے اور معیاری غذا کھانے پینے پر زور دیا جا رہا ہے وہیں یہاں اس تعلق سے دی جا رہی سہولیت سے ان باتوں کی مکمل طور نفی ہو رہی ہے۔
گاندربل کے اس کووڈ ہسپتال میں لوگوں کی شکایات کے بارے میں جب ای ٹی وی بھارت نے ضلع ترقیاتی کمشنر شفقت اقبال سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ انتظامیہ یہاں ہر ایک قرنطینہ مرکز میں بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے۔ اب اگر ضلع کے کووڈ ہسپتال سے اس طرح کی شکایات آئی ہیں تو اس کا ازالہ بہت جلد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کل سرینگر کے انڈور اسٹیڈیم میں قائم قرنطینہ مرکز میں بھی لوگوں کو غیر معیاری کھانا فراہم کرنے اور صفائی ستھرائی کے فقدان کے تعلق سے شکایت موصول ہوئی تھی۔