گاندربل (جموں کشمیر): منشیات کا قلع قمع کرنے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس پولیس نے وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں ایک غیر مقامی منشیات فروش کو حراست میں لے لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ گاندربل پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس پوسٹ شادی پورہ کے حدود میں ایک ’’بدنام‘‘ منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے منشیات کو بھی برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سمبل پل کے قریب پولیس پارٹی نے نا کہ چیکنگ کے دوران مشکوک حالت میں گھوم رہے ایک شخص کی تلاشی لی۔ گاندربل پولیس کے مطابق تلاشی کارروائی کے دوران اس شخص کے قبضہ سے دو کلوگرام چرس برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ 720 گرام پوست کا بھوسہ بھی ضبط کیا گیا۔ گاندربل پولیس نے منشیات فروش کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔
مزید پڑھیں: Drug Addiction in Kashmir کشمیر میں منشیات کی لت وبائی شکل اختیار کرچکی ہے
گاندربل پولیس نے حراست میں لیے گئے منشیات فروش کی شناخت جوگیندر پال ولد دیوان ساکنہ بلور، پٹھان کوٹ، پنجاب کے طور پر کی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک ایف آئی آر 310/2023، قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن گاندربل میں درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ جموں کشمیر پولیس نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ آس پڑوس میں منشیات کی خرید وفروخت سے متعلق کسی بھی معلومات کو پولیس تک پہنچائیں تا کہ منشیات فروشی میں ملوث پائے جانے والے کسی بھی فرد کے خلاف قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جا سکے۔