کنگن پولیس نے ایس ڈی پی او سید یاسر قادری کی نگرانی میں لامن بابا نگری وانگت میں جنگل سے کاٹی گئی غیرقانونی عمارتی لکڑی کی بھاری مقدار ضبط کرکے ایک شخص کو گرفتارکرلیا۔
ایس ڈی پی او کنگن سید یاسر قادری نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایس ایس پی گاندربل سہیل منور میر کی ہدایت پر ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم بشمول ایس ایچ او کنگن انسپکٹر ترک ظہور خان نے درمیانی شب لامن بابا نگری میں چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں غیر قانونی عمارتی لکڑی ضبط کرکے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
وہیں پولیس نے اس حوالے سے ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
ادھر مقامی لوگوں نے پولیس کی ستائش کرتے ہوئے محکمہ جنگلات پر سوال کیا ہے کہ جنگلات کے تحفظ کے لیے تعینات ملازمین کہا ہیں۔
اُنہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان جنگلات اسمگلروں کے حوصلے بلند ہوتے جارہے ہیں۔
جن پر محکمہ کے چند ملازمین کا ہاتھ ہے اور آئے روز علاقے کے جنگلوں میں اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ تاہم اعلیٰ افسران کوئی اقدامات نہیں اٹھاتے ہیں۔
علاقے کے لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس پر ایک کمیٹی تشکیل دی جائے اور ملوث ملازمین کو معطل ہی نہیں بلکہ ملازمت سے ہی برخاست کیا جانہ چاہیے۔