گاندربل: وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے کئی علاقے زیر آب آچکے ہیں، جس کی وجہ سے لوگ سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ وہیں تحصیل کنگن میں، خانن علاقے میں جمعے کی صبح بادل پھٹنے سے ندی نالوں میں طغیانی آئی اور کئی مقامات پر مٹی کے تودے بھی گر آئے جس سے سڑکوں اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جمعے کی صبح خانن کنگن علاقے میں موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ ہی بادل پھٹنے کی وجہ سے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں مٹی کے تودے بھی گر آئے جس وجہ سے سڑکوں اورکھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بادل پھٹنے کی وجہ سے علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا اور لوگ گھروں میں سہم کررہ گئے۔مقامی لوگوں نے مزید بتایا کہ بادل پھٹنے کی وجہ سے کھڑی فصلوں کے ساتھ ساتھ کئی ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام پر زور دیا کہ نقصانات کا جائزہ لینے کی خاطر فوری طورپر ٹیموں کو جائے وقوع کی اور روانہ کریں۔
مزید پڑھیں: Kashmir Weather Update کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بارشوں کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے جبکہ اس دوران پونچھ اور راجوری اضلاع میں کچھ مقامات پر بھاری بارشیں ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کہیں کہیں 22 جولائی تک رک رک کر بارشوں کا امکان ہے جبکہ جموں میں کئی مقامات پر بارشیں ہوسکتی ہیں۔