اس کرکٹ ٹورنامنٹ میں وادی کی متعدد کرکٹ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں- ٹورنامنٹ کے سلسلے میں پہلے سے ہی تیاریاں کی جا چکی تھیں، آج اس ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گیا ہے۔
اس موقع پر فوج نے ضلع کے گاڈورا کھیل میدان میں ایک افتتاحی نشست کا اہتمام کیا، جس میں فوج کے علاوہ ضلع کے دیگر سرکردہ افسران بھی موجود تھے۔
اس ضمن میں گاندربل کے گاڈورا اسٹیڈیم میں ایک افتتاحی میچ بھی کھیلا گیا۔ اس طرح سے باضابطہ اس ٹورنامنٹ کو شروع کیا گیا۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں وادی کشمیر کی درجنوں کرکٹ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
ٹورنامنٹ کا افتتاح بھارتی فوج کے متعلقہ گروپ کمانڈر اے سین گپتا نے کیا۔ اس موقع پر ضلع ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی اور دیگر اعلیٰ پولیس و نیم فوجی افسران بھی موجود رہے۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ بارہمولہ اور گاندربل کی کرکٹ ٹیموں کے مابین کھیلا گیا، جہاں خواص کے ساتھ عوام کی بھی خاصی تعداد موجود رہی۔
بتا دیں کہ ٹورنامنٹ ضلع کے مختلف میدانوں میں کھیلا جائیگا اور اس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں کو فوج کی جانب سے انعامات سے نوازا جائے گا۔
راشٹریہ رائفلز گاندربل کے کمانڈنگ افسر نے اس موقع پر بتایا کہ فوج یہاں کے نوجوانوں کی بہتری کے لیے ایسے کھیل کود کے مقابلے کافی عرصے سے منعقد کرتی آرہی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے کھیل کود میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کو فوج کے ساتھ ایک رشتہ قائم کرنے کی تاکید کی اور انہیں اس سلسلے میں کسی بھی چیز کی ضرورت محسوس ہو تو وہ انہیں فراہم کرسکتے ہیں۔