واضح رہے کہ ریاست جموں و کشمیر میں سرینگر پارلیمانی نشست کیلئے جمعرات 18 اپریل کو گاندربل، سرینگر اور بڈگام اضلاع میں ووٹنگ ہوگی۔
گاندربل علاقے کے لوگوں کا الزام ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو سیکورٹی اور الیکشن کمیشن کے احکامات پر کئی جگہوں پر تعینات کیا گیا ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو مناسب ٹرانسپورٹ مہیا نہ ہونے کے سبب سخت مشکلات درپیش ہیں۔
مسافر بردار گاڑیوں کی قلت کے سبب مسافرین نجی گاڑیوں سے لفٹ مانگنے کیلئے مجبور ہو رہے ہیں۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ کی قلت کے سبب اسکول و کالج طلباء، مختلف محکموں میں کام کر رہے سرکاری و نجی ملازمین اور مزدوری ختم کر کے گھر واپس آ رہے کاریگر اور مزدور شام کے وقت ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے سبب پیدل سفر کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
اس ضمن میں جب ای ٹی وی بھارت نے گاندربل کے اے آر ٹی او سے فون پر رابطہ کیا تو انکا کہنا تھا کہ وہ ’’کئی دنوں سے لگاتار الیکشن ڈیوٹی میں مصروف ہے‘‘۔
تاہم جب ان سے لوگوں کو درپیش مشکلات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی پریشانیوں کو وہ بخوبی سمجھتے ہیں تاہم انہیں اعلیٰ حکام کی جانب سے احکامات صادر ہوئے ہیں جن کو بحسن خوبی عملانے کیلئے وہ پابند ہیں۔