بی جے پی یونٹ گاندربل نے بدھ کو اپنی دو خاتون کارکنوں کو پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر پارٹی کی بنیادی رکنیت سے بے دخل کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں پارٹی کی گاندربل یونٹ نے بدھ کے روز بی جے پی دفتر گاندربل میں ایک غیر معمولی اجلاس منعقد کیا، جس کی صدارت ضلع صدر غلام حسن راتھر نے کی۔ میٹنگ میں بی جے پی گاندربل یونٹ کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
تمام عہدیدار جو اس اجلاس میں شریک ہوئے، نے صلاح و مشورہ کر کے ان دو کارکنوں کو پارٹی سے باہر نکالنے کی قرار داد منظور کی جن کی سرگرمیاں پارٹی مخالف پائی گئیں۔
ان کارکنوں میں روحینہ شہزاد اور رابعہ رسول شامل ہیں اور انہیں پارٹی کی بنیادی رکنیت سے خارج کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں بی جے پی کے کشمیر ترجمان الطاف ٹھاکر نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دونوں پارٹی مخالف سرگرمیوں میں شامل تھیں۔ اسلئے انہیں پارٹی سے بے دخل کر دیا گیا ہے جبکہ اس سلسلے میں پارٹی سے نکال باہر کئے گئے دونوں خاتون ورکروں نے کہا کہ انہیں اس بارے میں کوئی بھی علم نہیں ہے۔