جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ٹریفک جام صبح سے ہی شروع ہو جاتا ہے جب دیہات سے لوگ شہر کا رُخ کرتے ہیں لیکن اُن کو اپنی منزل تک پہنچانے کے لئے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔
قصبہ ڈوڈہ میں سڑک کے دونوں طرف گاڑیوں کی پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک جام لگ جاتا ہے اور فُٹ پاتھ پر غیر قانونی پارکنگ راہ گیروں کے لئے مصیبت کا باعث بن گئی ہے۔ بس اسٹینڈ ڈوڈہ میں گاڑیوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے چلنا محال ہو گیا ہے۔ قصبے میں انسانوں کے ٹھہرنے والی جگہوں پر بھی گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں اور وہاں ہی ریڑی والے کاروبار کرتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جام کی وجہ سے اُن کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ قصبہ میں ایک جگہ سے دوسری جگہ گاڑی کے ذریعے جانے میں گھنٹوں لگ جاتے ہیں۔ اگر چہ انتظامیہ کی طرف سے کاستی گڑھ، بھاگواہ، بھرت بگلہ، گندنہ سے آنے والی گاڑیوں کو الگ عارضی بس اسٹینڈ میں کھڑا کیا جاتا ہے لیکن آئے روز گاڑیوں کی بڑھتی تعداد ٹریفک حکام کے لئے درد سر بن گئی ہے۔ لوگ گاڑیاں سڑکوں پر پارک کر دیتے ہیں جو جام کی وجہ بن رہی ہے۔
ٹریفک جام کی وجہ سے اسکولی بچّے وقت پر اسکول نہیں پہنچ پاتے ہیں۔ اس کے علاوہ جام کی وجہ سے ملازم طبقہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔
مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلہ کا تدارک کرے تاکہ آئے روز کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔