جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافے کے پیش نظر انتظامیہ نے وسیع پیمانے پر ریپڈ انٹیجنٹ مشین کے ذریعے جانچ میں تیزی لائی ہے۔
اس تعلق سے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر ڈائفوڈ ساگر نے بتایا کہ ضلع میں کورونا مثبت کیسز میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، لیکن عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے میں ہی سب کی بھلائی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس مہلک وائرس کو ہلکے میں نہیں لینا ہے کیونکہ یہ جان لیوا وائرس ثابت ہورہا ہے، اس لیے خود کی اور دوسرے کی جان کی حفاظت کے لیے انتظامیہ کی طرف سے ریڈ زون قرار دیے گئے علاقوں میں کم سے کم باہر نکلنے کی کوشش کریں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں کنٹینمنٹ زون تب تک جاری رہیں گے جب تک ان علاقوں میں کورونا کے ایک بھی مثبت کیس موجود نہ رہے، ایسی صورتحال میں عوام انتظامیہ کو تعاون دے تاکہ اس وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔
واضھ رہے کہ ضلع میں اب تک کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 1350 ہوگئی ہے جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 507 ہوگئی ہے، وہیں اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 17 ہے۔