خطہ چناب کے ضلع ڈوڈہ میں حضرت سید شاہ محمد فرید الدین بغدادیؒ کے فرزند سید شاہ محمد اسرار الدین بغدادی کا عُرس مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
ڈوڈہ کے مسجد استھان میں منگل کی صبح سے ہی عقیدت مندوں نے درود و اذکار اور وعظ و تبلیغ کی مجالس آراستہ کیں۔ علمائے کرام نے شاہ اسرار الدین و شاہ فرید الدین کی دینی خدمات و کمالات پر روشنی ڈالی۔
حضرت سید شاہ محمد اسرار الدین بغدادی کا عُرس ڈوڈہ میں ہر سال مقامی کلینڈر کے مطابق کارتک کی 25 تاریخ کو منایا جاتا ہے۔ اس عرس میں مقامی مسلمانوں کے علاوہ ہندو عقیدت مند بھی انکے آستان عالیہ پر حاضری دیتے اور منتیں مانگے ہیں۔
مقامی لوگوں کا ماننا ہے کہ مذکورہ عرس علاقے میں صدیوں سے منایا جا رہا ہے جس میں مختلف مذاہب و مکتبہ ہائے فکر سے وابستہ افراد زیارت شریف پر حاضر ہوتے ہیں۔
شاہ اسرار الدین بغدادی کے والد شاہ فرید الدین رام بن کے راستے ڈوڈہ پہنچے اور یہاں اُنہوں نے ساڑھے تیرہ برس تک عبادت کی اور دین اسلام کی اشاعت کے لئے مسلسل کام کرتے رہے۔
ڈوڈہ میں آتے ہی اُنہوں نے اسلام کی شمع روشن کی اور اُنہوں نے دین کی اشاعت کے لئے تبلیغ کی۔ ساڑھے تیرہ برس قیام کرنے کے بعد وہ کشتواڑ روانہ ہوئے اور آخری دم تک وہیں رہے اور کشتواڑ ہی میں انکا مقبرہ بھی ہے۔
مقامی روایات کے مطابق اُنہوں نے کئی مواقع پر روحانی کمالات دکھائے اور مذہبی ہم آہنگی کا درس دیا اور اُنہوں نے آپسی بھائی چارے کی عظیم مثال بھی قائم کی۔