جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے پریم نگر اور اس کے گرد نواح میں رہنے والے عوام میں آج اُس وقت تشویش کی لہر دوڑ گئی جب پریم نگر مارکیٹ کو اچانک بند کروایا گیا اور بازار میں فورسز کو تعینات کیا گیا۔ تاہم بعد میں پتہ چلا کہ مارکیٹ میں تین افراد کا کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت پایا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق انتظامیہ کی طرف سے پریم نگر مارکیٹ میں رنڈم سمپلنگ کر کے کئی دکانداروں کے نمونے جانچ کے لئے حاصل کئے گئے تھے۔ جس میں سے تین دکانداروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ٹیسٹ رپورٹ سامنے آنے کے فوراً بعد پوری مارکیٹ کو بند کروایا گیا۔ اور لوگوں کی نقل و حرکت کو روکنے کے لئے مارکیٹ میں مشترکہ فورسسز کو تعینات کیا گا۔
پریم نگر، بٹوٹ کشتواڑ قومی شاہراہ پر واقع ہے جہاں مارکیٹ میں بھاری رش رہتا ہے۔ انتظامیہ نے احتیاط کے طور دکانداروں کے نمونے جانچ کے لئے بھیجے تھے۔ متعلقہ افسران نے تینوں کووڈ 19 مثبت مریضوں کے رابطہ میں آنے والوں کی تلاش شروع کر دی ہے اور فی الحال مارکیٹ کو سیل کر دیا گیا ہے۔