جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے مسافر گاڑیوں کے کرایہ میں اضافہ کے بعد ضلع کی تمام اندرونی رابطہ سڑکوں پر ڈرائیور غریب سادہ لوح عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ وہیں انتظامی سطح پر عوام کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے۔
ٹریفک حکام صرف ایک دِن سڑکوں پر آکر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہیں لیکن انتظامیہ عوام کے ساتھ ہو رہی زیادتی پر بالکل دھیان نہیں دے رہی ہے۔
گزشتہ روز ضلع صدر مقام پر اُس وقت دالی ادھینپور، بھرت کی طرف جا رہے ایک ٹیمپو ڈرائیور نے سواریوں کا سامان گاڑی سے باہر پھینک دیا جب وہ اُن سے دوگنا کرایہ مانگ رہا تھا۔
سواریوں کے منع کرنے پر اُس نے اُنہیں گاڑی سے اُترنے کو کہا اور بتایا کہ کرایہ کی لسٹ آر.ٹی.او آفس سے ملی ہے اور اُن کے کہنے پر ہی وہ لوگوں سے زیادہ کرایہ وصول کر رہے ہیں۔
دالی ادھینپور کی طرف جا رہی یہ ٹیمپو گاڑی پہلے اس کا کرایہ پچاس روپے تھا لیکن کورونا وبا کے بعد ڈرائیوروں نے اپنی مرضی سے کرایہ مقرر کرکے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے۔
کئی بار عوامی اعتراضات کے بعد بھی متعلقہ محکمہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے اور تاحال کرایہ کی نئی فہرست جاری نہیں کی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ضلع کی عوام آج ڈرائیوروں کے رحم و کرم پر دن بدن ذلت اُٹھا رہے ہے۔
یہ بھی پڑھیے
'کبھی نہیں کہا کہ 370 کو چین کی مدد سے بحال کیا جائے گا'
بھرت بگلہ، دالی ادھینپور کے عوام نے ضلع انتظامیہ ڈوڈہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا 'غریب عوام کو ڈرائیوروں کے قہر سے بچایا جائے اور متعلقہ محکمہ کو متحرک کیا جائے اور کرایہ کی لسٹ ہر گاڑی پر چسپاں کی جائے تاکہ کوئی بھی ڈرائیور عوام سے زیادہ کرایہ وصول نہ کرے اور ایسا لائے عمل تیار کیا جائے جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ باقی ڈرائیور اس عمل سے باز آ جائیں۔