آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن (اے آئی ایس ایف) ڈسٹرکٹ کونسل ڈوڈہ اور عام لوگوں نے پنچائت دھڑا میں ملوانہ جاگیر سڑک پر ناقص بلیک ٹاپنگ پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
اے آئی ایس ایف کے ضلع صدر سلندر پریہار سراجی نے کہا کہ علاقہ کے غریب لوگوں کی سادگی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے اس روڈ پر بھی وہ ہی کیا جا رہا ہے جو دیگر سڑکوں پر کیا گیا ہے. تار کول کا ناقص مواد سڑک پر بچھایا جا رہا ہے جس سے صرف سڑک کا رنگ کالا ہو رہا ہے۔ جو عنقریب ختم ہو جائے گا اور لوگوں کو پھر اُسی بدحال سڑک کے سہارے چلنے پڑے گا۔
انہوں نے محکمہ تعمیرات عامہ ڈوڈہ اور ضلع انتظامیہ ڈوڈہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری خزانے سے نکلنے والی رقومات کا جائز استعمال کیا جائے اور اس عوامی اثاثے کا خرد برد کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔
سماجی کارکن اعجاز حسین نے کہا کہ وہ بار بار مذکورہ سڑک پر ہو رہی بلیک ٹاپنگ کے دوران ناقص مٹیریل استعمال کرنے کا متعلقین پر الزام عائد کر رہے ہیں اور خود اپنے ہاتھوں سے تار کول کو اُکھاڑ کر دکھا رہے ہیں تاکہ انتظامیہ کے سامنے اس مسئلہ کو لایا جائے، لیکن تاحال انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔
انہوں نے ضلع انتظامیہ ڈوڈہ سے اپیل کی ہے کہ عوامی مفاد میں اس معاملے کی تحقیقات کریں۔
عوام کا مطالبہ ہے کہ وہ متعلقہ محکمہ کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
دریں اثناء سابق ریاستی صدر اے آئی ایس ایف جے اینڈ کے مکیش پریہار نے ایک بیان میں کہا کہ ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ اور مرکز زیر انتظام جموں کشمیر کے ایل جی کو اس معاملے میں انکوائری شروع کرنی چاہئے۔