ضلع ڈوڈہ کی تحصیل کاستی گڑھ میں ڈگری کالج کی تعمیر سے قبل سڑک کی تعمیر کا کام شروع ہونے پر لوگوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈگری کالج کی تعمیر جلد مکمل کیے جانے کی بھی امید ظاہر کی۔
کاستی گڑھ کے کھتڑی سے کانٹوی علاقے تک سڑک کا افتتاح کرتے ہوئے مقامی سرپنچ نے سڑک اور کالج کی تعمیر کے لیے اراضی کا عطیہ دینے پر کسانوں کا شکریہ ادا کیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے سرپنچ قطب الدین خان نے بتایا کہ علاقے کے مرد و زن ڈگری کالج کی تعمیر کے لیے بے چین ہیں تاہم مشینری و میٹریل پہنچانے کے لئے سڑک کا ہونا ناگزیر ہے۔
مزید پڑھیں: ڈوڈہ: پینے کے پانی کو بوند بوند ترستی عوام
انہوں نے امید ظاہر کی کہ سڑک کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد جلد ہی ڈگری کالج کا تعمیراتی کام بھی شروع کیا جائے گا جس کے لیے یہاں کے لوگ عرصہ دراز سے منتظر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈگری کالج کی تعمیر سے نہ صرف مقامی طلبہ کا مستقبل روشن ہوگا بلکہ علاقے میں اعلیٰ تعلیمی ادارہ نہ ہونے کے سبب تعلیم سے محروم رہنے والے بچے بھی علم کے نور سے منور ہوں گے۔