مرکز کے زیر انتظام جموں وکشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح ہی ضلع ڈوڈہ میں بھی گزشتہ دیر شام سیرم انسٹی ٹیوٹ کی کووی شیلڈ ویکسین کے پہنچنے پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے زبردست استقبال کیا گیا۔
ضلع میں پہلے مرحلے کے لیے 1950 ویکسین وصول کیے گئے ہیں، جن کو ضلع کے کولڈ چین میں رکھا گیا ہے، جہاں سے ویکسین کو گورنمینٹ میڈیکل ڈوڈہ اور کمیونٹی ہلیتھ سینٹر بھدرواہ کے لیے روانہ کیا جائے گا، پھر اس کے بعد ہفتے کے روز سے ویکسینیشن کا عمل شروع کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ضلع ڈوڈہ میں کووی شیلڈ ویکسین کی آمد کے پیش نظر گنپت پُل پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے ایک شاندار استقبالیہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ نے اے ایس پی، چیف میڈیکل آفیسر ڈوڈہ و دیگر ہیلتھ افسران کے ہمراہ ویکسین کی گاڑی اور طبی عملہ کی گلپوشی کرکے ان کا والہانہ استقبال کیا۔
اس موقع پر ڈوڈہ کے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر ڈی ڈائیفوڈ نے بتایا کہ ضلع میں جس ویکسین کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا تھا وہ کووی شیلڈ ویکسین ڈوڈہ پہنچ گئی ہے، یہ ایک تاریخی لمحہ ہے اور ضلع کے عوام کے لیے یہ راحت بھری خبر ہے۔
ڈاکٹر نے مزید بتایا کہ دس مہینوں کی طویل جد وجہد کے بعد پہلی مرتبہ کورونا کی ویکسین ضلع ڈوڈہ میں پہنچی ہے، اور 16 جنوری کو نامزد مراکز پر مریضوں کو ویکسینیشن دینے کا کام بھی شروع کیا جائے گا، اور پہلے مرحلے میں تمام طبی عملے کو ویکسین دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: جموں و کشمیر: 7 ماہ بعد کورونا متاثرین کی تعداد 100سے کم