کانگریس کے سینئر رہنما وسیم راجہ، ڈی ڈی سی ممبر مشتاق احمد بٹ کی قیادت میں کانگریس کے دفتر سے احتجاجی مظاہرہ شروع ہوا۔ مظاہرین نے پرانے بس اسٹینڈ سے ہوتے ہوئے نیو بس اسٹینڈ تک حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاج کیا۔
مظاہرین نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کچے تیل کی قیمت کم ہونے کے باوجود پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔ جس کا اثر غریبوں پر پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورا دِن خون پسینہ بہا کر گاڑیاں چلانے والے ڈرائیورز کے تیل کا خرچ بھی پورا نہیں ہو پا رہا ہے۔
کانگریس رہنما مشتاق احمد بٹ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'ڈوڈہ میں احتجاج کرنے کا مقصد پٹرول ،ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف تھا۔ اس کے علاوہ احتجاج ملک بھر کے کسانوں کی حمایت میں بھی تھا، جو گزشتہ دو ماہ سے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن حکومت نے آنکھیں بند کرکے صرف سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانے کی ٹھان لی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے یوم جمہوریہ کے روز جب ملک بھر میں تقریبات منعقد ہو رہی تھیں، اسی وقت ملک کے کسانوں پر لاٹھیاں برسائی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے وزیر اعظم نے کسانوں کے خلاف قانون لاکر بہت بڑی غلطی کی ہے۔ پہلے ہی بے روزگاری عام ہے، ایسے میں کسانوں کی علیحدگی سے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ اس لئے حکومت کسانوں کے خلاف بنائے گئے قانون کو واپس لے لیں۔
انہوں نے مرکزی حکومت سے جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر ایک خوشحال ریاست تھی، جس کو پانچ اگست 2019 کو ختم کر دیا گیا۔ اگر مرکزی حکومت جموں و کشمیر کی ریاست بحالی میں تھوڑی بھی تاخیر کرتی ہے تو تمام لوگ کسانوں کی طرح حکومت کے خلاف مورچہ کھولیں گے ۔