ضلع انتظامیہ ڈوڈہ کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے پہاڑی ضلع کا دورہ کرکے ضلع میں چلائے جا رہے مختلف ترقیاتی کاموں اور فلاحی منصوبوں کا جائزہ لیا۔
پی ایم جی ایس وائی کے تحت ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے مشیر کو بتایا گیا کہ بلیک ٹاپنگ کے لحاظ سے ضلع کو ملک بھر میں دوسرا درجہ ملا ہے۔
ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ڈوڈہ نے ضلع کے مختلف محکموں کے تحت کئی منصوبوں اور میگا پروجیکٹس کے متعلق مشیرکو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم اے وائی کا طے شدہ ہدف پہلے ہی جیو ٹیگ کیا جا چکا ہے جبکہ مکانات کی تعمیر جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔ اس کے علاوہ پنچایتوں کو 14 ویں ایف سی کے تحت مختلف کاموں کے لئے تقریبا 52 کروڑ کے فنڈز کی منظوری دی گئی ہے۔
مشیر نے محکمہ زراعت کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ اس سے ملحقہ منڈیوں میں مقامی پیداوار کو فروغ دینے کے لئے ضلع میں کاشتکاری پر خصوصی توجہ دیں تاکہ سبزیوں سے وابستہ مقامی کاشتکار اپنی آمدنی میں مزید اضافہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ دودھ ،سیب کی مقامی پیداوار خاص طور پر بھدرواہ کے علاقے میں اعلی معیار کی ہے جس کو قومی سطح پر فروغ دیا جائے گا اور ترجیحی بنیادوں پر جی آئی ٹیگنگ کی سفارش کی جائے گی۔
بعد ازاں مشیر نے مختلف وفود سے ملاقات کی جن میں ڈی ڈی سی ممبران، بی ڈی سی چیئرپرسن، پی آر آئی ممبران، ایم سی ڈوڈہ اور بھدرواہ کے نمائندوں کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے عوامی مفادات کے مختلف امور پر روشنی ڈالی۔ جس میں منریگا کی اجرتوں کی بروقت ادائیگی، زیر التواء معاوضہ، میگا پروجیکٹس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی وغیرہ شامل ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مشیر برائے گورنر نے کہا کہ دورے کا مقصد مرکزی سرکار کی جانب سے چلائی جا رہی اسکیموں کا جائزہ لینا مقصود ہوتا ہے۔
ڈوڈہ میں پینے کے پانی کی قلت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عنقریب ہی ہر گھر میں پینے کا صاف پانی پہچایا جائے گا۔