فوٹوگرافرز ہی ہیں جو اب ہر شادی و دیگر تقریبات کا لازمی جزو تصور کیے جاتے ہیں اور ان کے بغیر شادی اور تقریب نامکمل سی لگتی ہے لیکن کورونا کی وجہ سے ملک کے بڑے شہروں میں شادیوں کی تقریبات ملتوی ہونے سے فوٹوگرافرز کا کاروبار بری طرح متاثر ہوا ہے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر کروڑوں افراد کے معمولات میں تبدیلی آئی ہے اور وہ گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔
وہیں کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جن کو کورونا وائرس کے دنوں میں بھی شادیوں کے فنکشن کا انتظار رہتا ہے خواہ تقریبات مختصر اور چھوٹی ہی کیوں نہ ہو۔
قومی دارالحکومت دہلی میں رہنے والے منصور الحق گزشتہ 25 برس سے فوٹو گرافی کے پیشے سے وابستہ ہیں۔
انہوں نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ لاک ڈاؤن سے قبل مارچ کے ماہ کے لیے ان کے پاس 20 سے زائد شادیوں کی بکنگ تھی مگر کورونا کی وجہ سے شادیاں ملتوی ہوتی چلی گئی، جس وجہ کاروبار شدید طور پر متاثر ہوا۔
وہیں دوسری جانب ایک اور فوٹوگرافر محمد فرمان نے بتایا کہ ابھی اس بات کا اندازہ بھی نہیں کہ پابندیاں کب ختم ہوں گی اور شادیوں کے تقاریب معمول پر پھر کب آئیں گی؟
انہوں نے کہا کہ کئی افراد حالات بہتر ہونے کا انتظار کر رہے ہیں مگر اس دوران ان کے اہل خانہ کی کفالت کی ذمہ داری حکومت کو اٹھانی چاہیے۔